ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لالویادو کا عدالت میں سرینڈر، بھیجے گئے جیل 

لالویادو کا عدالت میں سرینڈر، بھیجے گئے جیل 

Thu, 30 Aug 2018 23:51:52    S.O. News Service

رانچی،30؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آرجے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے جمعرات کے روز سی بی آئی کے خصوصی جج ایس ایس پرساد اور مارتنڈ پرتاپ مشرا کی عدالت میں سرینڈر کر دیا ۔

لالو نے عدالت میں کہا کہ 'حضور ہم بیمار ہیں۔ میرا علاج کرایا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ لالو کو ہوٹوار واقع برسا منڈا سینٹر ل جیل بھیجا جائے ۔ اس کے بعد جیل انتظامیہ کی جانب سے جیل کے ڈاکٹر سے وہاں ان کا چیک اپ کرایا جائے۔ ڈاکٹر کی صلاح کے بعد جیل انتظامیہ فیصلہ لے گی کہ انہیں ریمس بھیجا جائے گا یا نہیں۔ زیادہ طبیعت خراب ہونے پر ریمس کے ڈاکٹر ممبئی کے ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر سے صلاح لیں گے اور لالو کا علاج کریں گے۔

عدالت احاطہ میں لالو کے ساتھ بہادر پور کے ایم ایل اے بھولا پرساد یادو اور رگھونش پرساد سمیت آرجے ڈی کے کئی رہنما موجود تھے۔ لالو کو کورٹ احاطے سے سخت سیکورٹی بندوبست کے ساتھ کھیل گاؤں واقع ہوٹوار سے برسا منڈا سینٹر ل جیل لے جایا گیا۔ اس سے قبل اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں لالو سے بہار کے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی نے ملاقات کی ۔ اس دوران کئی سیاسی معاملوں پر چرچہ ہوئی ۔ اس کے بعد لالو عدالت کے لئے روانہ ہوئے ۔

قابل ذکر ہے کہ لالو بدھ کے روز پٹنہ سے ہوائی جہاز سے رانچی پہنچے تھے۔ اس دوران ان کے ساتھ بھولا یادو اور رگھونش پرساد تھے۔ برسا منڈا ایئر پورٹ سے براہ راست لالو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تھے۔ واضح ہو کہ لالو کی کئی دنوں سے طبیعت خراب چل رہی تھی جسے لے کر وہ مشروط ضمانت پر تھے۔ عدالت نے ان کی ضمانت کی میعاد بڑھانے سے انکار کرتے ہوئے انہیں 30اگست تک سی بی آئی عدالت میں سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل 17مارچ کو لالو پرساد یادو برسا منڈا جیل سے علا ج کے لئے ریمس لائے گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں 28مارچ کو ایمس بھیج دیا گیا تھا جہاں سے وہ 30اپریل کو ریمس واپس آئے تھے۔ 10مئی کو ان کے بیٹے کی شادی کے لئے پیرول ملا جس کے بعد 16مئی کو ہائی کورٹ سے انہیں علا ج کے لئے پرویزنل بیل ملی تھی۔


Share: